افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس ، فوجی اور خفیہ حکام کے دفاتر کو
نشانہ بناکر کئے گئے دو دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم 15 افراد کی موت 50
دیگر زخمی ہو گئے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ کابل میں پولیس
ہیڈکوارٹر کے نزدیک ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ اس کے بعد نامعلوم بندوق
برداروں نے وہاں اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کا سلامتی دستوں نے جواب
دیا۔ اس کار دھماکہ میں گیارہ شہریوں سمیت 15افراد کی موت ہوگئی۔
وزارت کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ اس کے فورا بعد مشرقی کابل میں خفیہ
ایجنسی کے دفاتر کے باہر ایک اور حملہ کیا گیا۔ فوج کے ایک سینئر افسر نے
بتایا کہ دو دہشت گرد اس محکمہ کی عمارت میں گھسے اور ایک نے خود کو دھماکہ
سے اڑا لیا جبکہ دوسرے دہشت گردکو فوج نے مار گرایا۔ ان دونوں حملوں میں
گیارہ شہریوں سمیت 15افرادمارے گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 50لو گ زخمی
ہوگئے۔ اس درمیان طالبان کے ایک ترجمان نے میڈیا کو جاری بیان میں ان حملوں
کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاکہ ان میں پولیس ، فوج اور خفیہ محکمہ کے
کئی ملازمین کی موت ہوئی ہے۔ ترجمان نے اسی طرح کے مزید حملوں کی دھمکی بھی
دی ہے۔